Wednesday, March 11, 2026
 

ملائیکہ اروڑا سے تعلقات کی افواہیں، سورب بیدی نے بالآخر حقیقت بتادی

 



بھارتی شوبز انڈسٹری میں اداکارہ ملائیکہ اروڑا اور ماڈل و اداکار سورب بیدی کے درمیان تعلقات کی خبروں نے گزشتہ دنوں خاصی توجہ حاصل کی، تاہم اب سورب بیدی نے ان افواہوں کا جواب دے دیا ہے۔ سورب بیدی نے افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ دونوں کے درمیان محض دوستی کا رشتہ ہے۔ ریئلٹی شو اسپلٹس ولا 16 سے شہرت حاصل کرنے والے سورب بیدی کا نام اس وقت ملائیکہ اروڑا کے ساتھ جوڑا جانے لگا جب دونوں کو مختلف تقریبات اور پارٹیوں میں ایک ساتھ دیکھا گیا اور تصاویر بھی سامنے آئیں۔ ان خبروں کے پھیلنے کے بعد اداکار نے پہلی بار کھل کر اس معاملے پر ردِعمل دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سورب بیدی نے بتایا کہ ان کی ملائیکہ اروڑا سے پہلی ملاقات ماڈلنگ کے دنوں میں ہوئی تھی۔ ان کے مطابق اداکارہ دلناز دارووالا اور وہبز مہتا نے انہیں ریمپ واک کا موقع دیا تھا جس کے بعد ان کے ساتھ دوستی ہوگئی اور وہ اکثر پارٹیوں میں اکٹھے جانے لگے۔ انہی تقریبات میں ایک موقع پر ان کی ملاقات ملائیکہ اروڑا سے ہوئی جو ان دونوں اداکاراؤں کی قریبی دوست بھی ہیں، اور یوں آہستہ آہستہ ان کے درمیان دوستی قائم ہوگئی۔ سورب بیدی نے جاری قیاس آرائیوں پر ردِعمل دیتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ ان کے اور ملائیکہ اروڑا کے درمیان کسی قسم کا رومانوی تعلق موجود نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں اور اچھے دوست ہیں، لیکن لوگوں نے اس دوستی کو مختلف انداز میں پیش کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو کسی خاتون کے بارے میں بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے۔ ان کے مطابق وہ برسوں سے اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹیوں میں جاتے رہے ہیں اور پہلے بھی ملائیکہ اروڑا کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں۔ تاہم اس وقت وہ زیادہ معروف نہیں تھے، اس لیے کسی نے اس پر توجہ نہیں دی، لیکن اب جب وہ پہچانے جانے لگے ہیں تو ان تصاویر کو مختلف معنی دیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ملائیکہ اروڑا کی ذاتی زندگی بھی ماضی میں خبروں کا مرکز رہی ہے۔ وہ اداکار ارباز خان کے ساتھ 1998 سے 2017 تک شادی کے بندھن میں رہیں اور دونوں کا ایک بیٹا ارہان خان بھی ہے۔ بعد ازاں ان کا نام اداکار ارجن کپور کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا اور دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں 2018 سے 2024 تک سامنے آتی رہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل