Loading
عید کے چاند سے متعلق شہری اپنی درخواست لے کر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عید کا چاند دیکھنے کے بعد جلدی اعلان کا حکم دینے کے لیے ہائیکورٹ میں دائر شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے وزارت مذہبی امور سے رپورٹ طلب کرلی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ چاند نظر آئے گا تو ہی اعلان کیا جائے گا، پہلے چاند کی شہادتیں چاروں صوبوں سے اکٹھی کی جاتی ہیں، پھر میٹنگ ہوتی ہے اور اس کے بعد فیصلہ کیا جاتا ہے، اسی لیے وقت لگ جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاند نظر آئے بغیر اعلان نہیں کیا جا سکتا ، چلیں رپورٹ طلب کر لیتے ہیں۔
سماعت کے دوارن درخواست گزار شہری عبد اللہ شفیق ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ رویت ہلال کمیٹی کو حکم دیا جائے کہ چاند کا اعلان جلدی کیا جائے، کیونکہ اعلان میں تاخیر کے باعث لوگ تراویح بھی پڑھ لیتے ہیں اور رات گئے اعلان ہونے سے مارکیٹس میں اچانک رش بڑھ جاتا ہے۔
درخواست گزار نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ انتظامیہ کو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے بچانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی جائے اور عید شاپنگ کی دکانوں کے علاوہ دیگر مارکیٹس بند رکھنے کا حکم دیا جائے۔
انہوں نے استدعا کی کہ رویت ہلال کمیٹی کو چاند دیکھ کر فوری اعلان کرنے کا پابند بنایا جائے۔ عدالت نے وزارت مذہبی امور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت کی تاریخ نہیں دی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل