Loading
پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت کا حسن اور ورثہ بحال کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت لاہور ہیرٹیج ایریازریوائیول کا اجلاس ہوا، جس میں شہر کی سڑکوں، سرکاری کالجز اور یونیورسٹیوں کے پرانے نام بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ٹولنٹن مارکیٹ کے عقب میں کانونٹ گارڈن، ایوری تھنگ آرگینک کیفے اور 2 منزلہ انڈر گراؤنڈ پارکنگ سمیت نیو میوزیم بلاک بنانے کا فیصلہ ہوا جس میں ورلڈ کلاس گیلریز، قدیم اسلحہ، سکے اور انٹرایکٹو سکرینیں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوں گی۔
اسی طرح شاہ عالم گیٹ تا رنگ محل چوک کو پیدل گزرگاہ بنانے، بھاٹی، موری، موچی، شاہ عالم، یکی، مستی اور دلی گیٹ کی تاریخی شاہی گزرگاہوں کو اصل آب و تاب سے بحال کرنے اور وہاں الیکٹرک کارٹ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں شاہی قلعہ کی فصیل کی بحالی کے فیز ون اور ٹو، اکبری گیٹ میں ٹورسٹ آفس کے قیام، ستھرا پنجاب ونگ بنانے اور پرانی عمارتوں کے یکساں ڈیزائن بحال کرنے پر اتفاق ہوا جبکہ تجاوزات کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔
نیلا گنبد ڈیوڈھی، پاک ٹی ہاؤس اور فرسٹ انڈیا بینک کو تاریخی شکل میں بحال کیا جائے گا۔ اجلاس میں کوچہ و گلیوں کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا اور داتا دربار توسیعی منصوبے کے لیے 18 کنال اراضی مارکیٹ ریٹ پر لینے کا فیصلہ ہوا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل