Loading
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے بابراعظم کو بیٹنگ تکنیک میں بہتری لانے کا مشورہ دے دیا۔
سابق قومی کپتان کے مطابق پاکستان کرکٹ کو سب سے پہلے ٹی 20 طرز فکر سے باہر نکلنا ہوگا، ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت ہر کھلاڑی کے لیے لازمی ہونی چاہیے۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’اسپورٹس ورلڈ‘‘ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم کے حوالے سے سابق کپتان نے کہا کہ میں ہمیشہ ان کی حمایت کرتا رہا ہوں تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ بابر اپنی بیٹنگ تکنیک پر کام کریں، جب خامیوں کو دور کر لیں تو ہمیں بتائیں ہم ان کے میچز دیکھیں گے، اگر تکنیک میں بہتری ہوئی تو ٹیم میں واپس آ جائیں گے۔
سابق کپتان نے سوال اٹھایا کہ اگر بابر اعظم کی تکنیک بھی بہتر نہیں اس کے باوجود بھی انھیں کھلایا جا رہا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے ساتھ سنجیدہ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو سب سے پہلے ٹی 20 طرز فکر سے باہر نکلنا ہوگا، نئے کھلاڑیوں میں اننگز کو تعمیر کرنے کی صلاحیت کا فقدان واضح طور پر نظر آ رہا ہے، جب آپ 50 اوورز کی کرکٹ کھیلیں تو اس کے تقاضے مختلف ہوتے ہیں، اگر ہر گیند پر چوکا یا چھکا لگانے کی کوشش کی جائے تو وکٹ گنوانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، یہی غیر متوازن اپروچ ٹیم کی ناکامی کا سبب بنتی ہے۔
عامر سہیل نے خبردار کیا کہ اگر ٹی 20 کی سوچ کو ذہن سے خارج نہ کیا گیا تو قومی ٹیم ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں بھی مشکلات کا شکار رہے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ ہر کھلاڑی کے لیے لازمی ہونی چاہیے تاکہ وہ کارکردگی اور تکنیک میں بہتری لا سکے۔
سابق کپتان نے لہا کہ کرکٹ کے زوال میں خود کرکٹرز کا بھی کردار ہے، ریٹائرمنٹ کے بعد کوچ بننے والے کئی افراد کوچنگ کے تقاضوں سے ناواقف ہوتے ہیں، وہ بغیر مناسب علم کے تجربات کرتے ہیں، اس سے کھیل کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل