Saturday, March 21, 2026
 

ایران کا اسرائیل کی جوہری تنصیبات کے حامل شہر دیمونا پر میزائل حملہ، درجنوں زخمی

 



ایران کے شہر نطنز میں جوہری تنصیبات پر اسرائیل اور امریکی حملے کے جواب میں ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے صیہونی جوہری تنصیبات پر حملہ کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے داغا گیا میزائل جنوبی اسرائیل کے شہر دیمونا پر آ گرا جہاں ملک کی حساس جوہری تحقیقاتی تنصیب واقع ہے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسرائیلی طبی حکام کے مطابق حملے میں کم از کم 39 افراد زخمی ہوئے جن میں ایک 10 سالہ بچہ بھی شامل ہے جو شدید زخمی ہونے کے باوجود ہوش میں ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ میزائل ایک عمارت پر براہِ راست گرا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اردگرد کا علاقہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ یہ واقعہ صحرائے نیگیو میں پیش آیا جہاں ڈیمونا کی اہم جوہری تنصیب موجود ہے۔ بین الاقوامی سطح پر یہ مانا جاتا ہے کہ ڈیمونا میں واقع یہ تنصیب مشرقِ وسطیٰ کے واحد غیر اعلانیہ جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے سے منسلک ہو سکتی ہے تاہم اسرائیل ہمیشہ اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں ابہام کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے۔ امدادی ادارے میگن ڈیوڈ ایڈوم کے مطابق مختلف مقامات پر امدادی کارروائیاں جاری رہیں، جبکہ ایک رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں شدید تباہی دیکھی جا سکتی ہے۔ پیرامیڈک کرمل کوہن کے مطابق جائے وقوعہ پر شدید تباہی اور افراتفری کا منظر تھا۔ اسرائیلی میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار شے آسمان سے زمین کی جانب گرتی ہے اور زوردار دھماکے کے ساتھ شہر میں جا ٹکراتی ہے جبکہ پولیس نے بھی ایک عمارت کی دیوار میں بڑا شگاف پڑنے کی تصاویر جاری کی ہیں۔ یہ حملہ مبینہ طور پر نطنز میں ایران کی جوہری تنصیب پر امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ بمباری کے ردعمل میں کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل