Thursday, March 26, 2026
 

کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد اور کارگو ہینڈلنگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

 



کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد اور کارگو ہینڈلنگ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔  اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 کے دوران کراچی پورٹ پر آنے والے جہازوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو گزشتہ ماہ اور گزشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مختلف اقسام کے ویسلز، خاص طور پر کنٹینر شپ اور ٹینکرز کی آمد میں اضافہ ہوا ہے، جو تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کی نشان دہی ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق کارگو کی اقسام میں بھی تنوع دیکھا گیا، جن میں سیمنٹ، کلنکر، چاول، کیمیکلز اور آئل مصنوعات شامل ہیں، جو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کو ظاہر کرتے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ کراچی پورٹ پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 65 ہزار 476 میٹرک ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا، جس میں 41 ہزار 209 میٹرک ٹن برآمدی جبکہ ایک لاکھ 24 ہزار 267 میٹرک ٹن درآمدی کارگو شامل ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ درآمدات کا حجم زیادہ رہا ہے۔ پورٹ حکام نے بتایا کہ اس دوران 7 جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوئے، جن میں کنٹینر شپ، ٹینکر اور بلک کارگو بردار جہاز شامل تھے جبکہ 6 جہاز اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے، کارگو کی اقسام میں کنٹینرائزڈ کارگو سب سے نمایاں رہا، جس کی مقدار ایک لاکھ 10 ہزار 40 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ کلنکر، سیمنٹ، چاول، کھاد اور مائع کارگو بھی ہینڈل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران مزید متعدد کنٹینر بردار اور دیگر جہازوں کی آمد متوقع ہے، جس سے پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی کا امکان ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل