Loading
حکومت پاکستان نے توانائی بحران کے پیش نظر موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈائز پٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس نظام کے تحت پٹرول کی تقسیم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں منظم کیا جائے گا۔
وزارت آئی ٹی اس منصوبے کے لیے 24,000 موبائل فونز خریدے گی، جن کی قیمتیں نیشنل آئی ٹی بورڈ طے کرے گا۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں یہ موبائل فونز خرید کر ملک بھر کے تقریباً 12,000 پٹرول پمپس پر فراہم کریں گی۔ ہر پمپ پر دو نوزلز سبسڈائز پٹرول کے لیے مختص ہوں گی، تاکہ ٹو وہیلرز اور تھری وہیلرز کو موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈائز پٹرول مہیا کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے اور اس کی ٹیسٹنگ کے آخری مراحل میں ہے۔ صارفین کو اس ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل واؤچرز جاری کیے جائیں گے اور مقررہ کوٹے سے زیادہ پٹرول لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ موٹر سائیکلوں کو ماہانہ 20 سے 30 لیٹر سبسڈائز پٹرول فراہم کیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کو اس سہولت میں شامل کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔
حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے اور ہنگامی حالات کے پیش نظر متبادل پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔ ملک بھر کے پٹرول پمپس کی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ نظام شفاف اور مؤثر ہو۔
سبسڈائز پٹرول کی فراہمی کے لیے کیو آر کوڈ بھی فراہم کیا جائے گا اور اس حوالے سے اعلان جلد متوقع ہے۔ یہ سبسڈی خاص طور پر موٹر سائیکل اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے فراہم کی جائے گی تاکہ مقررہ کوٹے کے تحت صارفین کو مؤثر ریلیف مل سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل