Loading
شہر قائد میں ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے اور ایک روز پہلے ہونے والی واردات کی فوٹیج نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں جمعے کی شب شہری کی فائرنگ اور عوامی تشدد سے 2 ڈاکوؤں کی ہلاکت اور 4 شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جبکہ اورنگی ٹاؤن پولیس نے واقعہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا ۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ون ڈی قذافی چوک کے قریب جمعے کی شب ڈاکوؤں اور شہری کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
جس میں گولی لگنے سے زخمی ایک ڈاکو سڑک کے کنارے کھڑے منی ٹرک کے نیچے سے نکلتے ہوئے دکھائی دیا جس کے ہاتھ میں اسلحہ بھی تھا۔ زخمی داکو نے اسی حالت میں ایک شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی جبکہ اس دوران فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں اور ڈاکو موٹر سائیکل سمیت سڑک پر گر گیا۔
جس پر موقع پر موجود عوام بھی جمع ہوئے اور دونوں ڈکیتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اورنگی ٹاؤن پولیس نے جمعے کی شب پیش آنے والے اس واقعہ کا مقدمہ نمبر 201 سال 2026 اے ایس آئی سید قیصر عباس کی مدعیت میں درج کرلیا۔
مدعی مقدمہ نے بیان دیا ہے کہ احوال و بیانات گواہان چشم دید مضروبان سے پایا گیا کہ ایک شخص اسم سکونت نامعلوم سے موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے چھینا جھپٹی کی کوشش کی اسی دوران موقع پر موجود ایک شخص جس کا نام شہباز معلوم ہوا اس نے اپنے پاس اسلحے سے فائرنگ کی جس سے 2 ملزمان زخمی ہو کر موٹر سائیکل سے گر پڑے جبکہ دیگر 2 ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کی کی فائرنگ سے 4 راہگیر زخمی ہوئے جن کے نام عبدالرحمٰن ، احسن ، کاشان اور آصف زخمی ہوئے جبکہ زخمی ہونے والے دونوں ملزمان کو عوام نے مار پیٹ کی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
مدعی کے مطابق موقع سے ملزمان پر فائرنگ کرنے والا شہباز اسلحے سمیت موقع سے فرار ہوگیا جبکہ جس سے نامعلوم شخص سے ملزمان نے چھینا جھپٹی کی کوشش کی وہ شخص بھی موقع سے فرار ہوگیا۔
فرار ہونے والے ملزمان کا عوام پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کرنا اور نامعلوم ملزمان و ہلاک شدہ کا نامعلوم شخص سے چھینا جھپٹی کی کوشش کرنے کا یہ فعل بجرم دفعات 393 ، 394 اور 324 چونتیس کی حد کو پہنچتا ہے جس پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ 4 ملزمان جس میں 2 ہلاک شدہ اور 2 فرار ہونے والے اسم سکونت نامعلوم کے خلاف درج کر کے مزید تفتیش کے لیے کرائم سیل انویسٹی گیشن اورنگی ڈویژن پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ملزمان کی موٹر سائیکل ملنے والی 2 پستول بھی قبضے میں لے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والی ایک مشتبہ موٹر سائیکل کو دفعہ 550 کے تحت قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل