Monday, March 30, 2026
 

کویت کی پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی

 



کویت نے پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی بدستور فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، جب کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمٰن جاسم المطیری نے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے پاکستانی جہازوں کو کویت سے ڈیزل اور جیٹ فیول کی ممکنہ ترسیل کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے اس تعاون پر کویت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کا مظہر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 50 برس سے پاکستان، کویت سے بالخصوص ڈیزل سمیت مختلف پیٹرولیم مصنوعات درآمد کر رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ کویتی سفیر ناصر عبدالرحمٰن جاسم المطیری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کویت، پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ علی پرویز ملک نے عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود پاکستان کے لیے کویت کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف تنازعات کے پُرامن حل کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امن کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار پر کویت کی جانب سے اظہارِ تشکر کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل