Tuesday, March 31, 2026
 

کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اہم اقدامات کیے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، وزیراعظم

 



وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم سپلائی اور عوامی ریلیف پر بحال رکھنے اور اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں سے مشاورت کے بعد حتمی تجاویز جلد پیش کریں۔ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور دیگر اقدامات کے ذریعے عوام کو 129 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات کے لیے وافر مقدار موجود ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور سپلائی چین کی نگرانی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے باقاعدگی سے کی جا رہی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل