Sunday, April 05, 2026
 

امریکا، اسرائیل، ایران جنگ اور پاکستان کا مستقبل!

 



عالمی سیاست ایک بار پھر ایسے پیچیدہ اور نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں اس جنگ کے اثرات پوری دنیا کے توازن کو بدل سکتے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں یہ کشیدگی اب ایک کھلی جنگ کی شکل اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ یہ تنازع محض طاقت کے تصادم تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات عالمی معیشت، سفارتی اتحادوں اور خطے کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ اس تناظر میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ پاکستان اس بدلتی ہوئی صورتحال میں کہاں کھڑا ہے اور اس کا مستقبل کیا ہو سکتا ہے؟ سب سے پہلے اس جنگ کے عالمی اثرات کو سمجھنا ضروری ہے۔ مشرقِ وسطیٰ دنیا کی توانائی کی سپلائی کا مرکز ہے، اور اس خطے میں کسی بھی قسم کی جنگ کا براہِ راست اثر عالمی معیشت پر پڑتا ہے۔ خصوصاً آبنائے ہرمز، جہاں سے دنیا کے تیل کا بڑا حصہ گزرتا ہے، سمندر کا یہ تجارتی راستہ سب سے حساس نقطہ بن چکا ہے۔ اگر یہاں رکاوٹ مزید بڑھتی رہی تو تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتں نہ صرف ترقی یافتہ بلکہ ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو بھی ہلا کر رکھ دیں گی ۔ یہ جنگ عالمی سیاست میں نئی صف بندیوں کو بھی جنم دے رہی ہے۔ ایک طرف امریکا اور اس کے اتحادی ہیں، دوسری طرف ایران کے ساتھ خطے کی کچھ قوتیں کھڑی نظر آتی ہیں، جب کہ ہمارے خطے کی بڑی طاقتیں چین اور روس محتاط حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دنیا ایک مرتبہ پھر بلاکس کی سیاست کی طرف بڑھتی دکھائی دیتی ہے، جہاں اصولوں سے زیادہ مفادات کو اہمیت حاصل ہوگی۔اس صورتحال میں پاکستان کے لیے چیلنجز بھی ہیں اور مواقع بھی۔ سب سے بڑا چیلنج معاشی ہے۔ پاکستان کی معیشت پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اس دباؤ کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور مالیاتی مشکلات، یہ سب ایسے مسائل ہیں جو اس جنگ کے باعث مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔ دوسرا اہم پہلو پاکستان کی جغرافیائی اور سفارتی پوزیشن ہے۔ پاکستان ایک ایسے خطے میں واقع ہے جہاں مشرقِ وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ اس کے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، جب کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ بھی گہرے اقتصادی روابط ہیں۔ دوسری طرف امریکا کے ساتھ بھی سفارتی اور دفاعی تعلقات موجود ہیں۔ ایسے میں پاکستان کے لیے کسی ایک فریق کا ساتھ دینا آسان نہیں بلکہ نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے لیے سب سے بہتر حکمت عملی متوازن اور غیر جانبدار خارجہ پالیسی اختیار کرنا ہے۔ پاکستان کو اس بحران میں ثالثی اور سفارت کاری کے کردار پر غور کرنا چاہیے، تاکہ وہ نہ صرف اپنے مفادات کا تحفظ کر سکے بلکہ خطے میں امن کے قیام میں بھی کردار ادا کر سکے۔ اس جنگ کے تناظر میں پاکستان کے لیے ایک اور اہم پہلو اس کی اسٹریٹیجک اہمیت ہے۔ گوادر پورٹ اور سی پیک جیسے منصوبے اس خطے میں پاکستان کو ایک اہم اقتصادی اور جغرافیائی مقام دیتے ہیں۔ اگر خطے میں کشیدگی بڑھتی ہے تو یہ منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں، لیکن اگر پاکستان دانشمندانہ پالیسی اختیار کرے تو وہ اس صورتحال کو ایک موقع میں بھی بدل سکتا ہے۔ تاہم سب سے اہم سوال پاکستان کے اندرونی استحکام کا ہے۔ کوئی بھی ملک اس وقت تک عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا نہیں کر سکتا جب تک وہ اندرونی طور پر مستحکم نہ ہو۔ سیاسی عدم استحکام، معاشی مشکلات اور ادارہ جاتی کمزوریاں پاکستان کے لیے سب سے بڑے چیلنجز ہیں۔ اگر یہ مسائل حل نہ کیے گئے تو بیرونی بحران پاکستان کے لیے بڑی مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ یہ جنگ پاکستان کے لیے ایک سبق بھی ہے۔ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ عالمی سیاست میں کمزور معیشت اور غیر واضح پالیسی رکھنے والے ممالک ہمیشہ دباؤ کا شکار رہتے ہیں۔ اگر پاکستان کو اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے تو اسے اپنی معیشت کو مضبوط، خارجہ پالیسی کو واضح اور داخلی استحکام کو یقینی بنانا ہوگا۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی صرف ایک جنگ نہیں بلکہ اب عالمی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ اس تبدیلی میں کچھ ممالک فائدہ اٹھائیں گے، کچھ نقصان اٹھائیں گے، اور کچھ کو اپنی سمت کا تعین نئے سرے سے کرنا ہوگا۔ پاکستان کے لیے یہ وقت جذباتی فیصلوں کا نہیں بلکہ دانشمندانہ حکمت عملی کا ہے۔ اگر ہم نے درست فیصلے کیے تو یہ بحران ہمارے لیے ایک موقع بن سکتا ہے، ورنہ یہ ایک اور چیلنج ثابت ہوگا جو ہماری مشکلات میں اضافہ کرے گا۔کیونکہ عالمی سیاست میں ایک اصول ہمیشہ قائم رہتا ہے:جو قومیں وقت کے تقاضوں کو سمجھ لیتی ہیں، وہی اپنا مستقبل محفوظ بناتی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل