Monday, April 06, 2026
 

ٹرمپ کی ایران کو دھمکیاں ‘جنگی جرائم‘ ہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی

 



ایران نے امریکا کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن کی کسی بھی قسم کی مدد کرنے والے ممالک کو بھی قانونی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے توانائی اور صنعتی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی دھمکیاں خود بھی جنگی جرم کے زمرے میں آتی ہیں۔ ترجمان نے الزام عائد کیا کہ امریکا اسرائیل کو شہری اہداف پر حملوں کی کھلی اجازت دے رہا ہے، جو بین الاقوامی انسانی قوانین اور عالمی کریمنل کورٹ کے قانون کے مطابق جنگی جرائم میں شمار ہوتا ہے۔ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران ایک طرف اپنی دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کر رہا ہے، تو دوسری جانب سفارتی محاذ پر بھی سرگرم ہے۔ ان کے مطابق ایران کی خارجہ پالیسی کا محور قومی مفادات، قومی سلامتی اور عوام کے جائز مطالبات ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ملک امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف کارروائیوں میں تعاون کرے گا، اسے بھی جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم میں شریک سمجھا جائے گا اور اس کا احتساب کیا جائے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل