Loading
راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر کے تھانوں کی حدود میں خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ہر تھانے کی حدود میں تین ناکے لگائے گئے ہیں۔ اڈیالہ جیل جانے والے اہم راستوں، فیکٹری ناکہ، داہگل اور گورکھپور پر بھی چیکنگ کا سخت نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔
ناکہ بندیوں پر اینٹی رائٹ فورس، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس اور ضلعی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ واٹر کینن اور قیدی وینز بھی جیل کے قریب موجود رکھی گئی ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا کر آمدورفت محدود کر دی ہے، جبکہ مقامی افراد کو گاڑیوں کی تلاشی کے بعد گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب داہگل ناکے پر پہنچنے والے ایک پی ٹی آئی کارکن کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس نے داہگل سے اڈیالہ جیل جانے والا راستہ مکمل طور پر سیل کر دیا ہے اور رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک بند کر دی گئی ہے۔
ممکنہ احتجاج کے پیش نظر شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور پولیس کی بھاری نفری مختلف مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل