Tuesday, April 07, 2026
 

پی ایس ایل: والد کی گراؤنڈ میں موجودگی کا پریشر نہیں لیتا، سمیر منہاس

 



پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان بیٹر سمیر منہاس کہتے ہیں کہ والد کی گراؤنڈ میں موجودگی کا پریشر نہیں لیتا۔ ایکسپریس نیوز کے مارننگ شو ایکسپریسو میں گفتگو کرتے ہوئے سمیر منہاس کا کہنا تھا کہ ہر کرکٹر مشکل حالات سے گزر کر ہی بڑے پلیٹ فارم پر پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کی طرح میں نے بھی بچپن سے ہی شوقیہ طور پر کرکٹ کاآغاز کیا، بھائی کو دیکھ کر ایک اچھا کرکٹر بننے کا خیال آیا۔ جونیئر سطح پر تمام ایونٹس کھیلے، ایک پراسس سے گزرنے کے بعد آگے آیا ہوں۔ سمیر منہاس نے کہا کہ والد نے بھی بھرپور سپورٹ کیا، ان کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے سخت محنت کرکے اللہ نے عزت دی ہے، والد کا خواب تھا کہ تینوں بھائی کرکٹ میں نام کمائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ والد جب گراؤنڈ میں تھے تو کوئی پریشر نہیں تھا، پہلے بھی ان کی موجودگی میں کافی میچز کھیل چکا تھا، بس ایک ہی ہدف تھا کہ ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دے کر جیت میں اپنا کردار ادا کروں۔ سمیر منہاس نے کہا کہ ابھی سارا فوکس پی ایس ایل پر ہے، اس کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر اپنی پرفارمنس میں مزید نکھار لانے کی کوشش کروں گا۔ اس موقع پر سمیر منہاس کے والد کاشف منہاس کا کہنا تھا کہ بیٹے کو گراؤنڈ میں کھیلتا دیکھ کر اور یادگار لمحات کا حصہ بن کر آنکھوں سے آنسو نکل آئے تھے۔ بطور باپ اس سے بڑے خوشی کے لمحات کوئی نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بطور کرکٹر خود پاکستان کی نمائندگی کا خواب تھا، اس وقت والدین کی طرف سے زیادہ سپورٹ نہیں کیا گیا، اب ویٹرنز کرکٹ تک محدود ہوگیا ہوں۔ کاشف منہاس نے مزید کہا کہ باپ بننے کے بعد اپنے بچوں کو اس مقام تک پہنچانے کے لیے بہت محنت کی، اللہ کا شکر ہے کہ اس وقت سمیر اور عرفات دونوں سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میرا گاڑیوں کی امپورٹ کا خاندانی بزنس ہے، فوٹو گرافی شوقیہ طور پر کرتا ہوں۔ کاشف منہاس کا کہنا تھا کہ بچوں کو ایک ہی نصحیت کی ہے کہ بولرز کو کبھی سر پر نہیں بٹھانا، ہر بال کو میرٹ پر کھیلنا ہے، اچھی بات ہے کہ دونوں اس پر عمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل