Tuesday, April 07, 2026
 

وزیراعظم نے ایف بی آر کی منی بجٹ لانے کی تجویز مسترد کردی

 



وزیراعظم شہباز شریف نے نئے بجٹ سے قبل منی بجٹ لانے کی تجاویز مسترد کردیں اور ایف بی آر پر واضح کیا ہے کہ تیل کی قیمتوں سے عوام پریشان ہے اس لیے مزید ٹیکس لگانے یا منی بجٹ لانے کا مت سوچیں اور ریونیو بڑھانے کے متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی کی کشیدگی کے باعث ٹیکس آمدن بڑھانے سے متعلق ہونے والے اہم اجلاس میں ایف بی آر کی جانب سے وزیراعظم میاں شہباز شریف کو مختلف ٹیکس تجاویز پیش کی گئیں جنہیں وزیراعظم نے مسترد کردیا۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں سے عوام پریشان ہے اس لیے مزید ٹیکس لگانے یا منی بجٹ لانے کا مت سوچیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایف بی آر کو مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے باعث بجٹ تجاویز میں مفصل مشاورت کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر اہداف پر نظر ثانی کے لیے راضی کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے اور آئندہ مالی سال 2026-27ء کے وفاقی بجٹ کی ترجیحات حالات کے مطابق تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ آئندہ بجٹ میں افراط زر، مالیاتی خسارے سمیت اہم اہداف متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے کی تین سالہ بجٹ حکمت عملی سے اہداف بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال کے لیے بجٹ سازی پر کام تیز کردیا گیا ہے اور رواں ماہ سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کے اجلاس متوقع ہیں اور بجٹ سازی کا عمل مکمل کرکے جون کے پہلے عشرے بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل