Loading
قومی انڈر 18 ہاکی چیمپئن شپ کا شاندار آغاز ہوگیا، سیکرٹری آئی پی سی و پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی نے بال کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں قومی انڈر 18 ہاکی چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پروقار افتتاحی تقریب میں سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ (IPC) و پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے بال کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام یوتھ انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے پہلے دن تین میچز کھیلے گئے۔ پہلا میچ کے پی کے 2 اور گلگت بلتستان کے مابین کھیلا گیا جو کہ کے پی کے 2 نے 1-10 سے جیت لیا ، کے پی کے 2 کی جانب سے قاسم نے تین، سدیس نے دو، مزمل،اویس ،حارث، وقاص اور سمیمہ نے ایک ایک اسکور کیا جبکہ گلگت بلتستان کی جانب سے واحد گول مستفین نے اسکور کیا۔
دوسرا میچ کے پی کے 1 اور پنجاب 1 کے مابین کھیلا گیا جو کہ کے پی کے 1 نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4سے جیت لیا۔ عزیر نے دو ،عباس اور زین نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
تیسرا میچ پاک کسٹم اور پنجاب 4 کے مابین کھیلا گیا جو کہ پاک کسٹم نے 1-2 سے جیت لیا۔ پاک کسٹم کی جانب سے حسنین اور عدیل نے ایک ایک اسکور کیا جبکہ پنجاب کی جانب سے واحد گول عبداللہ فاروق نے اسکور کیا۔
ایونٹ 9 اپریل سے 19 اپریل تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، ایونٹ کے لیے ٹیموں کو چار مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پول A میں پاک کسٹمز، کے پی کے 2، پنجاب 4، گلگت بلتستان۔ پول B میں پنجاب 1، سندھ 2، بلوچستان، کے پی کے 1۔ پول C میں پولیس، پنجاب 2، آزاد جموں و کشمیر ، اسلام آباد۔ جبکہ پول D میں پاک ایجوکیشن بورڈ، سندھ 1، پنجاب 3، پاک آرمی شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو نکھارنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی بہتری اور کوچنگ کے معیار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا امید ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ مقابلوں سے ہاکی کے سنہری دور کی واپسی میں مدد ملے گی اور نیا ٹیلنٹ پاکستان ہاکی کو ملے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل