Loading
بھارت کے شہر بنگلورو میں ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک بیٹے نے اپنی 75 سالہ معذور والدہ کو عمارت کی چوتھی منزل سے نیچے پھینک دیا، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت وینکٹیش کے نام سے ہوئی ہے، جس نے اپنی والدہ ساوتر ماسی کو قتل کیا۔ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب مکان مالک وکرم نے عمارت کے عقب میں زور دار آواز سنی، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے اپنی والدہ کی دیکھ بھال کر رہا تھا۔ اس کے والد کا انتقال تقریباً 10 سال قبل ہو چکا تھا جبکہ پانچ سال قبل والدہ کو فالج کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ بستر پر ہی تھیں۔
ملزم نے مزید بتایا کہ والدہ کی دیکھ بھال کے لیے اسے اپنی ملازمت بھی چھوڑنا پڑی اور مسلسل مشکلات کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ اس نے اعتراف کیا کہ اسی دباؤ کے باعث اس نے اپنی والدہ کو چوتھی منزل پر لے جا کر نیچے پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل