Thursday, April 30, 2026
 

رجب بٹ کی نامناسب ویڈیو پر رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز کی شدید تنقید، بے شرم کہہ دیا

 



پاکستان کے متنازع یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں، تاہم اس بار معاملہ ان کی ایک وائرل ویڈیو کے باعث شدت اختیار کرگیا، جس پر پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے کھل کر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں رجب بٹ کو ایک ریسٹورنٹ میں کھانے کے دوران وی لاگ بناتے دیکھا گیا، لیکن ویڈیو میں ان کے عقب میں بیٹھی ایک فیملی واضح طور پر غیر آرام دہ محسوس نظر آئی۔ ویڈیو میں ایک خاتون کو کیمرے سے بچنے کے لیے چہرہ چھپاتے اور رخ موڑتے دیکھا گیا، جس کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے اس عمل کو پرائیویسی کی خلاف ورزی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیا۔ حنا پرویز بٹ نے ایکس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ طرز عمل نہایت شرم ناک ہے۔ ان کے مطابق بعض افراد میں نہ شرم باقی رہی ہے اور نہ ہی عقل، جو جہاں چاہتے ہیں کیمرہ نکال کر ویڈیو بنانا شروع کر دیتے ہیں، بغیر یہ سوچے کہ اردگرد موجود خاندانوں کی نجی زندگی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ ایسے رویوں کے باوجود کچھ لوگ ان شخصیات کو اپنا ہیرو سمجھتے ہیں۔ انتہائی شرمناک حرکت ، ان لوگوں میں نہ شرم ہے اور نہ ہی عقل ہے۔ جہاں دل کرتا کیمرہ نکال کر شروع ہو جاتے، کوئی خیال نہیں کہ آگے پیچھے کوئی فیملی بھی بیٹھی ہے۔ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ کچھ لوگوں کیلئے ایسے لوگ ہیرو ہیں https://t.co/EIarIjMAOZ — Hina Parvez Butt (@hinaparvezbutt) April 28, 2026 یہ نیا تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رجب بٹ پہلے ہی مختلف قانونی اور ذاتی معاملات کے باعث خبروں میں ہیں۔ رجب بٹ کی نجی زندگی بھی مسلسل توجہ کا مرکز بنی رہی، خصوصاً ان کی 2024 میں ایمان فاطمہ سے شادی اور بعد ازاں 2026 میں علیحدگی کے بعد۔ دونوں کے ہاں ستمبر 2025 میں بیٹے کیوان سلطان کی پیدائش ہوئی تھی، تاہم مارچ 2026 میں رجب بٹ نے ایک پوڈکاسٹ میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ قانونی کارروائی مکمل کی جا چکی ہے۔ حالیہ ویڈیو تنازع نے ایک بار پھر سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے رویے، عوامی مقامات پر پرائیویسی اور ڈیجیٹل ذمہ داری سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ شہرت کے ساتھ سماجی ذمے داری بھی لازم ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل