Thursday, April 30, 2026
 

افغان طالبان کمانڈر عبدالحمید خراسانی کا پاکستان کیخلاف ویڈیو بیان، سہولت کاری ثابت

 



افغان طالبان کی جانب سے فتنہ الخوارج کی سرپرستی کے ناقابلِ تردید شواہد منظرِ عام پر آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے مطابق افغان سرزمین پر اس گروہ کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں اور پاکستان میں دراندازی کیلئے سہولت کاری بھی جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ بات واضح ہوتی جا رہی ہے کہ افغان طالبان فتنہ الخوارج کو پاکستان کے خلاف بطور ’’اسٹریٹجک اثاثہ‘‘ استعمال کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق صوبہ کنڑ سے فتنہ الخوارج کے کمانڈر عبدالحمید خراسانی کی ایک دھمکی آمیز ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ پاکستان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو پیغام میں عبدالحمید خراسانی کا کہنا ہے کہ ان کے زیادہ تر جنگجو علاقے میں موجود ہیں اور احکامات کے منتظر ہیں تاکہ پاکستان کی فوج کو جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے تمام جنگجوؤں اور افغان عوام پر افغان قیادت کے دفاع کو لازم قرار دیا۔ ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج کے کمانڈرز کا افغان طالبان کے احکامات کے تابع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان طالبان اس گروہ کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان متعدد بار عالمی فورمز پر افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کے ٹھوس شواہد پیش کر چکا ہے جس سے ان عناصر کے مذموم عزائم بے نقاب ہوئے ہیں۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج کی موجودگی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان کا آپریشن غضب للحق وقت کی ضرورت اور مکمل طور پر جائز اقدام ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل