Monday, April 20, 2026
 

شمالی کوریا کے نئے میزائل ٹیسٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

 



شمالی کوریا نے ایک بار پھر بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کرتے ہوئے متعدد میزائل فائر کیے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شمالی کوریا کی فوج کے مطابق یہ میزائل شمالی کوریا کے مشرقی ساحلی شہر سن پو کے قریب سے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 10 منٹ پر فائر کیے گئے۔ میزائل تقریباً 140 کلومیٹر تک پرواز کرنے کے بعد سمندر میں جا گرے۔ رپورٹس کے مطابق یہ رواں ماہ کے دوران شمالی کوریا کا چوتھا جبکہ سال 2026 کا ساتواں میزائل تجربہ ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پیانگ یانگ اپنی عسکری صلاحیتوں کو مسلسل بڑھا رہا ہے۔ جاپان کی حکومت نے بھی تصدیق کی ہے کہ میزائل جزیرہ نما کوریا کے مشرقی ساحل کے قریب سمندر میں گرے، تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ میزائل تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر بلیو ہاؤس نے فوری ہنگامی سکیورٹی اجلاس طلب کیا۔ حکام نے ان تجربات کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائر کیے گئے میزائل کس نوعیت کے تھے، تاہم سنپو وہ اہم مقام ہے جہاں آبدوزوں اور آبدوز سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کیے جاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے مسلسل میزائل تجربات خطے میں عدم استحکام کو بڑھا سکتے ہیں اور عالمی سطح پر سکیورٹی خدشات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل