Loading
موچکو کے علاقے سے نوجوان کی مسخ شدہ لاش ملنے کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے قتل کے الزام میں مقتول کے سسر اور سالے کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 اپریل کوموچکو تھانے کے علاقے سہراب رند گوٹھ سے ایک نوجوان کی جلی ہوئی لاش ملی تھی جس کی شناخت 29 سالہ فیضان ستی عرف فیضی ولد شیراز اختر کے نام سے کی گئی تھی۔
مقتول نوجوان مکان نمبر 6/5 سیکٹر فور جی سعید آباد کا رہائشی تھا اورگڈزٹرانسپورٹ لیبراسکوائرسائٹ ایریا میں بحیثیت منشی کاکام کرتا تھا، مقتول نوجوان 8 اپریل کو گھر سے نکلا تھا اور لاپتا ہوگیا تھا۔
پولیس نے تکنیکی بنیادوں پرجدید طریقوں پرتفتیش کرتے ہوئے نوجوان کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل میں ملوث 2 مرکزی ملزمان کوگرفتارکرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی مسروراحمد جتوئی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مقتول کے سسراکرم ولد نور زمان اور سالے عطا اللہ ولد اکرم کے نام سے کی گئی۔
ملزمان سے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مقتول نے کچھ عرصہ قبل ان کی بیٹی سے پسند کی شادی کی تھی، ملزم نے شادی کے بعد بیوی کومانع حمل ادویات زبردستی کھلائی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔
گرفتار ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں اس بات کا بھی رنج تھا کہ ملزم نے اس کے بعد ان کی دوسری بیٹی سے رابطہ قائم کیا تھا، ملزمان نے مقتول کو بہانے سے بلواکر بیلچے کے وارکرکے قتل کیا اور نعش کوپیٹرول ڈال کرجلادیا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل