Loading
ریلوے پولیس کوئٹہ ڈویژن نے دو کامیاب کارروائیوں کے دوران کروڑوں ایرانی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق کروڑوں ایرانی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث دو مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ریلوے پولیس کے ایس ایچ او محمد شہباز کی قیادت میں انسپکٹر محمد قدیر، محمد اکرم اور دیگر اہلکاروں نےگزشتہ روزجعفرایکسپریس میں سوار ایک مسافر محمد ظفر اقبال ولد محمد انور، قوم آرائیں، سکنہ ڈاک خانہ چک نمبر 174 محمد پور، تحصیل شاہ کوٹ، ضلع ننکانہ صاحب (پنجاب) کے قبضے سے ایرانی کرنسی کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔
ملزم نے کرنسی کو کھجور کے ڈبوں میں چھپا رکھا تھا۔ چیکنگ کے دوران جب ڈبے کھولے گئے تو ان میں سے ایک ارب 70 کروڑ روپے مالیت کی ایرانی کرنسی برآمد ہوئی۔
حکام کے مطابق ملزم کسی قسم کا لائسنس یا دستاویز پیش نہ کر سکا، جس پر ریلوے پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کر کے کرنسی سمیت سامان ایف آئی اے کوئٹہ کے حوالے کردیا۔
19 اپریل 2026 کو ایک اور کامیاب کارروائی میں ریلوے اسٹیشن کوئٹہ سے سید انجم رضا کاظمی ولد سید مظہر ثقلین کاظمی سکنہ لاہور کینٹ کے شولڈر بیگ سے 56 کروڑ روپے مالیت کی ایرانی کرنسی برآمد ہوئی۔
یہ کرنسی بیگ کے نچلے حصے میں چھپائی تھی۔ یہ ملزم بھی کوئی قانونی دستاویز پیش نہ کر سکا، جس پر ریلوے پولیس نے اسے گرفتار کر کے کرنسی اور سامان ایف آئی اے کوئٹہ کے حوالے کر دیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل