Loading
خیبر پختونخوا حکومت نے روسی فاختہ (Russian Dove) کے شکار کی اجازت دے دی۔
محکمہ جنگلیی حیات کے مطابق قدرتی توازن کے تحفظ کے ساتھ ذمہ دارانہ شکار کی اجازت دی گئی ہے، روسی فاختہ کا شکار 31 مئی تک جاری رہے گا۔ یہ اقدام خیبر پختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بایوڈائیورسٹی ایکٹ 2015 کے تحت اختیار کردہ اختیارات کے مطابق کیا گیا ہے، جس کا مقصد فطری حسن کی بقا اور پرندوں کی آبادی کے پائیدار انتظام کو یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق سال 2025-26 کے دوران روسی فاختہ کے شکار کی اجازت صرف جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دنوں میں ہوگی، اور یہ سہولت صرف ان افراد کو حاصل ہوگی جو باقاعدہ اسمال گیم شوٹنگ لائسنس کے حامل ہوں گے۔ یہ ضابطہ فوری طور پر نافذ العمل ہے اور 31 مئی 2026 تک مؤثر رہے گا۔
واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ ایام کے علاوہ شکار کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہر شکاری کے لیے روزانہ زیادہ سے زیادہ 8 پرندوں کی حد مقرر کی گئی ہے۔
مقررہ حد سے تجاوز کرنے پر فی پرندہ 5,000 روپے بطور جرمانہ عائد ہوگا، اس کے علاوہ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ طلوعِ آفتاب سے قبل اور غروبِ آفتاب کے بعد شکار مکمل طور پر ممنوع ہوگا، محکمہ جنگلی حیات کی ٹیمیں پرندوں کی آبادی کی مسلسل نگرانی کریں گی اور ضرورت پڑنے پر شکار پر فوری پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
محکمہ کے ترجمان لطیف الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا ماحولیاتی تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جن میں جنگلات کے فروغ، جنگلی حیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی شامل ہے۔ روسی فاختہ کے شکار کا یہ ضابطہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو پائیدار ترقی اور فطرت سے ہم آہنگ طرزِ زندگی کو فروغ دیتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل