Loading
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا کہنا ہے کھلاڑیوں کی ملازمت اور ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے لیے وزیراعظم سے بات کی جائے گی، قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، گورنر ہاکی کپ سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد اور اسپورٹس آرگنائزرز اینڈ جرنلسٹس ایوارڈ کا اجراء جلد کیا جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں، اسپورٹس آرگنائزرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
گورنر سندھ نے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کے دورے کی دعوت قبول کرلی، وفد کی قیادت کے ایچ اے کے چیئرمین و سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر گلفراز احمد خان کررہے تھے، وفد میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل و سینئر صحافی اصغر عظیم، اولمپئن افتخار سید، ڈائریکٹر اسپورٹس کمشنر کراچی غلام محمد، کرنل ریٹائرڈ محمد اعظم، انٹرنیشنل ہاکی پلیئر ارشد حسین، خدمت عوام ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و چیئرمین زاہد رحیم سمیت دیگر شامل تھے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، کھیل اور کھلاڑی کی ہر ممکن مدد کریں گے، خواہش ہے کہ ماضی کی طرح وفاقی اور صوبائی محکمے ایک بار پھر کھیلوں کی سرپرستی کریں۔
وزیراعظم ملک میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کا حکم دے چکے ہیں،وزیراعظم سے جلد ملاقات کرکے تازہ ترین صورتحال پر بات کی جائے گی، اس موقع پر گورنر سندھ کو کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے یادگاری سو وینیئرز بھی پیش کیے گئے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل