Loading
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر سے ہم ہر ہفتے ملاقات کے لیے آتے ہیں لیکن ملاقاتیں نہیں ہونے دی جا رہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے بہت زیادہ تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے خیر خواہ ملاقاتوں میں خلل نہیں ڈالتے، ملاقاتیں ہوں گی تو معرکہ حق کی خوشی کو چار چاند لگ جائیں گے، معرکہ حق کی فتح افواج پاکستان کی قربانیوں اور قوم کی یکجہتی سے ممکن ہوئی، معرکہ حق نے پاکستان کے دفاع کی بنیادیں مضبوط کیں، معرکہ حق نے پاکستان کے وقار میں نئی جان ڈالی، معرکہ حق نے خطے میں طاقت کے توازن کا از سر نو تعین کیا۔
قوم کی یکجہتی اور افواج کی قربانی سے ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، دشمن اب پاکستان پر حملہ آور ہونے سے قبل دس بار سوچے گا، دشمن کے خلاف ہم کل بھی اکٹھے تھے آج بھی اکٹھے ہیں، بانی کی رہائی ایک پیچیدہ اور سنجیدہ مسئلہ ہے۔
ملک بند گلی میں جا چکا ہے ریاست کے تین آرگن ایک ہو چکے ہیں، میڈیا پیکا اور معاشی مسائل کی وجہ سے بحران کا شکار ہے، عدلیہ ایک سال سے بانی اور بشریٰ کے کیسز کی معطلی کی اپیلیں نہیں سن رہی، سزا معطلی کی اپیل سنے بغیر علیہ مرکزی اپیلوں میں گئی، القادر کیس کی مرکزی اپیلوں پر ایڈورس فیصلہ آنے سے ملک مزید بند گلی میں چلا جائے گا۔
بانی کو عوام سے الگ نہیں کیا جا سکتا، عدلیہ سے درخواست ہے چاہے سپریم کورٹ یا آئینی عدالت بانی کی اپیلوں کو سنے لیکن آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کریں، عدلیہ سے درخواست ہے مزید پیچیدگیاں پیدا نہ کریں، اگر مزید ناموافق فیصلے آ گئے تو اسے مزید نقصان ہوگا۔
اگر ہم دنیا کے مسائل حل کر سکتے ہیں تو ایمانداری سے اپنے مسائل بھی حل کریں، بڑی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں ٹانگہ پارٹیوں میں نہیں ہوتے، ہمارا فوکس اس وقت بانی اور ان کی اہلیہ کی رہائی اور علاج ہے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی تبدیلی کا کوئی چانس نہیں، بانی کی بہنیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں پارٹی کو بھی ہدایات ہیں بہنوں سے اچھی کوآرڈینیشن رکھیں، موجودہ حالات میں پارٹی کو اختلافات ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، پارٹی میں اگر کسی کے گلے شکوے ہیں وہ فی الحال اسے پس پشت ڈالے، بانی کی بہنوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں نہ انہوں نے کبھی ایسی خواہش کا اظہار کیا۔
ہم تسلیم کرتے ہیں ورکرز اور فیملی ہم سے مطمئن نہیں ہوں گے، ورکرز اور فیملی ہم سے نتائج چاہتے ہیں ہم بھی اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، بانی کو دنیا کی کوئی طاقت مائنس نہیں کر سکتی، بانی کو سزائیں دی گئیں، تین سال سے جیل میں ہیں لیکن عوام بانی کے ساتھ کھڑی ہے۔
بانی اور عوام کے درمیان کوئی حائل نہیں ہو سکتا، بانی کو مائنس کرنے کی باتیں پارٹی اور فیملی میں تفرقہ ڈالنے کی سازش ہے، میرے گھر کے سامنے آزاد کشمیر کے لوگوں کے احتجاج کا مقصد پارلیمانی بورڈ میں توسیع کا مطالبہ تھا، ہم نے کہا ہے ہم 25 لوگوں کا پارلیمانی بورڈ نہیں بنا سکتے۔
آزاد کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کا معاملہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اس کو دیکھ لیں گے، لیڈرشپ کے خلاف پارٹی کے اندر غصہ قدرتی ہے، کارکنان کو گراؤنڈ پر کچھ نظر نہیں آ رہا اس لیے مایوسی پھیل رہی ہے، ہم اسی لیے کہتے ہیں عدلیہ ہماری اپیلوں پر جلدی فیصلے کریں، ہم اسی لیے کہتے ہیں اگر بات چیت کرنی ہے تو اس کو سنجیدگی سے اور تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔
سیاسی معاملات سیاسی انداز میں آگے بڑھنے چاہئیں، ہمیں امید ابھی بھی ہے مایوسی نہیں ہے چیزیں بہتری کی طرف جائیں گی، حکومت اور باقی لوگوں کو ٹائم نکالنا ہوگا، اگر کوئی سمجھتا ہے وقت ملے گا تو دیکھیں گے تو یہ بدقسمتی ہوگی۔
پارٹی کا عہدہ میرے پاس بانی کی امانت ہے، بانی کا اعتماد جب تک ہے تب تک یہ عہدہ میرے پاس ہے، پارٹی کے چیئرمین بانی ہیں میں ان کی نمائندگی کر رہا ہوں، پارٹی میں مایوسی اور غصے کی وجہ سے معاملات سیاسی لوگوں کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل