Tuesday, May 05, 2026
 

 ملک بھر کے انجینئرز کیلیے بڑی خوشخبری، ٹیکنکل الاونس کی راہ ہموار ہوگئی

 



سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے ملک بھر کے انجینئرز کیلئے ٹیکنکل الاونس کی ادائیگی کی سفارش کردی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں رجسٹرار پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر خادم حسین بھٹی نے بریفنگ دی۔ رجسٹر پی ای سی نے بتایا کہ ٹیکنیکل الاونس پاکستان بھر کے انجینئرز کا دیرینہ مطالبہ ہے، پروفیشنل ذمہ داریوں کی ادائیگی پر ٹیکنیکل الاونس انجینئرز کا حق ہے۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ میڈیکل آفیسرز، ججز، سول گروپس کو الاونس دیا جارہا ہے، پائلٹس، پیرا ملٹری، منیجمنٹ گروپس کو ٹیکنیکل الاونس دیا جارہا ہے، پنجاب، خیبرپختونخواہ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیکنیکل الاونس منظور ہوچکا ہے۔ رجسٹرار کے مطابق بلوچستان اور سندھ میں ٹیکنیکل الاونس کا ابھی آغاز نہیں ہوسکا، سندھ اور بلوچستان میں ٹیکنیکل الاونس منظوری کے مراحل میں ہے، وفاق میں ارسا اور پاکستان انجینئرنگ کونسل میں ٹیکنیکل الاونس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ رجسٹرار پی ای سی نے بتایا کہ کچھ اداروں میں ٹیکنیکل الاونس مل رہا ہے کچھ میں نہیں، وفاق اور صوبائی سطح پر انجینئرز کے درمیان امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔ کمیٹی چیئرمین نے بریفنگ کے بعد کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی کوششیں قابل تحسین ہیں، انجینئرز کی خدمات ملک و قوم کیلئے اہم ہیں،انہیں یہ الاونس ملنا چاہیے اور کمیٹی انجینئرز کیلئے ٹیکنیکل الاونس کی حمایت کرتی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ تمام صوبوں اور وفاقی اداروں میں انجینئرز کو ٹیکنیکل الاونس ادا کیا جائے، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ٹیکنکل الاونس کے معاملے پر ذمہ داری لیں اور ادائیگی کے شروعات کے ساتھ اس عمل کی نگرانی کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل