Tuesday, May 12, 2026
 

ایران؛ فورسز پر حملہ کرنے کے الزام میں ایک اور شخص کو پھانسی

 



ایران میں ایک اور شخص کو آج تختہ دار پر لٹکا دیا جس کا تعلق حکومت مخالف تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ ملزم عبد الجلیل کا تعلق دہشت گرد تنظیم انصار الفرقان سے تھا۔ جسے آج علی الصبح پھانسی دی گئی۔ خیال رہے کہ انصار الفرقان ایک مسلح گروہ ہے جس کا مقصد ایران سے شیعہ حکومت کا خاتمہ ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے اس تنظیم نے سرکاری فورسز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ایران کی حکومت انصار الفرقان کو ایک باغی اور دہشت گرد تنظیم قرار دے چکی ہے اور اس کے خلاف سیکیورٹی آپریشنز بھی جاری ہیں۔ ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق ملزم عبد الجلیل شہہ ‌بخش کو ملک کے مشرق میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر الزام تھا کہ 6 سال قبل وہ فوجی تربیت حاصل کرنے ہمسائیہ ملک بھی گیا تھا۔ عبدالجلیل پر مختلف عدالتوں میں کیسز چلائے گئے اور سپریم کورٹ نے بھی سزائے موت برقرار رکھی تھی۔ جس پر آج عمل درآمد کردیا گیا۔ عدلیہ نے کہا کہ ملزم کو تمام تر قانونی سہولیات فراہم کی گئیں اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا گیا۔  یاد رہے کہ فروری میں اسرائیل اور امریکا کے تین ماہ سے جاری حملوں کے بعد سے ایران میں پھانسیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل