Loading
بھارتی اداکار و کامیڈین جاوید جعفری کی اہلیہ حبیبہ جعفری مبینہ طور پر ایک بڑے مالیاتی فراڈ کا شکار ہوگئی ہیں، جس میں ان سے 16 کروڑ 24 لاکھ بھارتی روپے سے زائد رقم ہتھیانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل نے اس کیس میں کاروباری شخصیت نشیت پٹیل کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ کھار پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں بی ایم سی کے اسسٹنٹ کمشنر مہیش پاٹل سمیت مجموعی طور پر چھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے جعفری خاندان کو یہ باور کرایا کہ ان کے معروف بلڈرز اور اعلیٰ حکومتی شخصیات سے قریبی روابط ہیں، جس کی بنیاد پر انہوں نے خاندان کو باندرہ کے نیو کمل کنج ری ڈیولپمنٹ منصوبے میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا۔
ملزمان نے بھاری مالی منافع، قیمتی پراپرٹی کے حصول، اور فوری قبضے کے وعدوں کے ذریعے اعتماد حاصل کیا۔ پولیس کے مطابق اس مقصد کے لیے جعلی دستاویزات، لیٹر آف انٹرسٹ، اور رجسٹریشن سے متعلق فرضی کاغذات تیار کیے گئے تاکہ منصوبہ حقیقت پر مبنی محسوس ہو۔
تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ سرمایہ کاری کی گئی رقوم مختلف کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی گئیں۔ دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نشیت پٹیل نے جعلی دستاویزات کی تیاری کا اعتراف بھی کیا۔
رپورٹس کے مطابق معاملے کی ابتدا اپریل 2024 میں اس وقت ہوئی جب حبیبہ جعفری کو اندھیری میں واقع اپنی جائیداد کے پراپرٹی ٹیکس سے متعلق بی ایم سی کی جانب سے نوٹس موصول ہوا۔ اسی دوران علی رضا نامی ایک شخص نے مبینہ طور پر ان کا رابطہ مہیش پاٹل سے کروایا، جس کے بعد یہ سرمایہ کاری کا سلسلہ شروع ہوا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل