Loading
راولپنڈی کے علاقے گوجر خان میں ریلوے روڈ پر پیش آنے والے واقعے میں دو تاجر بھائیوں کو مسلح شخص نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مسلح ملزم نے دکان پر موجود دونوں بھائیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محبوب اور محمود کے ناموں سے ہوئی ہے جو آپس میں سگے بھائی تھے اور کریانہ کے سامان کے ہول سیل کاروبار سے وابستہ تھے۔ مقتول ملک محبوب مقامی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر بھی تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب، اے ایس پی گوجر خان اور دیگر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم نے ٹریفک حادثے کے مقدمے کی رنجش پر دونوں بھائیوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل