Loading
ہسپانوی عدالت نے کولمبین گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں بری قرار دیتے ہوئے ان کے حق میں اہم فیصلہ سنا دیا ہے، جس کے بعد اس طویل قانونی تنازع کا اختتام ہو گیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اسپین کی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ شکیرا کو پہلے ادا کیے گئے جرمانوں کی مد میں 6 کروڑ یورو سے زائد رقم سود سمیت واپس کی جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ شواہد کی بنیاد پر گلوکارہ پر عائد الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق شکیرا پر الزام تھا کہ انہوں نے 2012 سے 2014 کے دوران اسپین میں اپنی آمدن پر درست ٹیکس ادائیگی نہیں کی اور مبینہ طور پر 14.5 ملین یورو کی ٹیکس چوری کی گئی۔ استغاثہ کا مؤقف تھا کہ اس عرصے میں وہ اسپین میں مقیم تھیں، تاہم ٹیکس ریکارڈ میں اپنی رہائش کسی اور ملک میں ظاہر کرتی رہیں۔
دوسری جانب شکیرا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ پرامن زندگی گزارنا چاہتی ہیں اور نہیں چاہتیں کہ ان کے بیٹے اپنی والدہ کو طویل قانونی جنگ میں دیکھیں۔ ان کے مطابق اس کیس سے جڑا ذہنی دباؤ اور جذباتی مشکلات کا مرحلہ اب ختم ہو گیا ہے۔
گلوکارہ نے ایک بار پھر خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسپین کے ٹیکس حکام نے ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ 2014 تک ان کی زیادہ تر آمدن عالمی میوزک ٹورز سے حاصل ہوتی تھی اور وہ اس دوران زیادہ وقت اسپین سے باہر گزارتی تھیں۔
شکیرا کے مطابق انہوں نے 2015 میں اسپین کو اپنی مستقل ٹیکس رہائش قرار دیا تھا اور وہ پہلے ہی 17.2 ملین یورو ٹیکس ادا کر چکی تھیں۔
عدالتی فیصلے کے بعد یہ معاملہ اب قانونی طور پر گلوکارہ کے حق میں نمٹ گیا ہے، جس پر ان کے مداحوں اور قانونی ماہرین کی جانب سے بھی مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل