Saturday, May 23, 2026
 

بنوں: فورسز کا آپریشن، وائرل ویڈیومیں سیکیورٹی اداروں کو چیلنج کرنے والا اہم خارجی کمانڈر ہلاک

 



بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ آپریشن علی الصبح شروع کیا گیا، جس میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیموں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں حصہ لیا۔ آپریشن کی براہ راست نگرانی ایس پی رورل بنوں نے کی، جبکہ دو ایس ڈی پی اوز اور ایس پی سی ٹی ڈی بھی موقع پر موجود رہے۔ دہشتگرد عناصر کی نقل و حرکت اور ممکنہ ٹھکانوں کی نگرانی کے لیے جدید ڈرون سرویلنس اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔ آپریشن کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں11  دہشتگرد ہلاک جبکہ کئی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آپریشن کے دوران میرانشاہ روڈ پر آزاد منڈی کے قریب 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم (IED) بھی برآمد ہوا، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ آئی ای ڈی آج ہونے والی روڈ اوپننگ ڈیوٹی کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیا گیا تھا، تاہم پولیس اور سی ٹی ڈی کی بروقت حکمت عملی سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی بھی ہوا۔ زخمی اہلکار کو فوری علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب آپریشن پر بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر محاذ پر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ قوم کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ خیبر پختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ آئی جی پی نے آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کے لیے خصوصی انعامات کا بھی اعلان کیا۔ بنوں میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کا اہم کمانڈر عبداللہ بھی ہلاک ہو گیا۔ عبداللہ پولیس پر حملوں اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ چند روز قبل اس کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ سیکیورٹی اداروں کو چیلنج کر رہا تھا۔ عبداللہ پولیس پر حملوں اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ چند روز قبل اس کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ سیکیورٹی اداروں کو چیلنج کر رہا تھا۔ بنوں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 فتنہ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ خیبر پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف فورس کے حوصلے بلند ہیں اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل