Loading
راولپنڈی: عیدالاضحیٰ کے موقع پر پردیسیوں کی گھروں کو واپسی کے باعث ٹرانسپورٹ اڈوں پر شدید رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید سے قبل ہی بڑی تعداد میں شہری اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، تاہم جو مسافر ابھی سفر کے منتظر ہیں انہیں اڈوں پر طویل انتظار، رش اور بدنظمی کا سامنا ہے۔ فیملیز اور خواتین مسافر بھی گھنٹوں گاڑی کے انتظار میں کھڑی نظر آ رہی ہیں۔
مسافروں کی شکایات کے مطابق ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے اور شرح سے زائد کرایے وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ بعض اوقات اوورلوڈنگ اور غیر منصفانہ رویے کی بھی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث عید کا سفر شہریوں کے لیے مزید مہنگا اور مشکل بنتا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق موٹر وے پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے اور اوورلوڈنگ کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں، تاہم اس کے باوجود صورتحال مکمل طور پر قابو میں نہیں آ سکی۔
ذرائع کے مطابق کوٹ ادو، میانوالی، مظفرگڑھ، لیہ، ملتان سمیت پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں کی جانب جانے والے مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ پیرودھائی بس اڈے پر صبح چار بجے سے موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ مہنگے ٹکٹ خریدنے کے باوجود انہیں بتایا جا رہا ہے کہ گاڑیاں تین سے چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوں گی۔
ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ موجودہ صورتحال میں کم مسافروں کے ساتھ گاڑیاں چلانا ممکن نہیں کیونکہ ڈیزل اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے آپریشنل لاگت میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔
ادھر انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور ٹرانسپورٹرز کی ہٹ دھرمی کے باعث اڈوں پر بدنظمی برقرار ہے، جبکہ شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ عید کے موقع پر سفر کو آسان بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل