Loading
فلپائن میں زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت گرنے کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 17 لاپتا ہوگئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دارالحکومت منیلا کے شمال میں واقع اینجلس سٹی میں پیش آیا، جہاں زیر تعمیر عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب تک دو افراد کو ملبے سے نکالا گیا، تاہم ان میں سے ایک شخص بعد میں دم توڑ گیا جبکہ دوسرا ملبے تلے ہی دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
فائر پروٹیکشن بیورو کی ترجمان ماریا لیہ سجیلی کے مطابق تھرمل اسکینرز کے ذریعے ملبے کے نیچے سانسوں اور دل کی دھڑکنوں کے آثار ملے ہیں، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد بھی زندہ دبے ہوسکتے ہیں۔
حکام کے مطابق لاپتا ہونے والوں میں زیادہ تر تعمیراتی مزدور شامل ہیں جو حادثے کے وقت ڈیوٹی پر موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ تعمیراتی مقام پر مجموعی طور پر تقریباً 70 افراد کام کرتے تھے، تاہم بیشتر مزدور ویک اینڈ کے باعث گھروں کو جا چکے تھے۔
55 سالہ مزدور الفریڈو البِس نے بتایا کہ وہ عمارت سے چند میٹر دور مزدوروں کی رہائش گاہ میں سو رہے تھے کہ اچانک عمارت گرنے کی زور دار آواز آئی۔ ان کے مطابق ان کے دو کزن اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کے بعد امدادی کارروائیاں انتہائی خطرناک اور پیچیدہ ہیں کیونکہ معمولی حرکت بھی مزید ملبہ گرنے کا سبب بن سکتی ہے، جس سے دبے ہوئے افراد اور امدادی کارکن دونوں خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے ابتدائی مرحلے میں زیادہ تر ریسکیو کام ہاتھوں سے کیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اگر مزید زندہ افراد نہ مل سکے تو بعد ازاں بھاری مشینری اور کھدائی کرنے والے آلات استعمال کیے جائیں گے تاکہ ملبہ ہٹایا جا سکے۔
واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، جبکہ مقامی حکومت نے عمارت گرنے کے اسباب جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل