Saturday, May 30, 2026
 

لاہور: ڈیفنس بی میں گھر سے 65 لاکھ مالیت کے زیورات کی چوری کا معمہ حل

 



لاہور: ڈیفنس بی کے علاقے میں 65 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری ہونے کے کیس کا معمہ حل کر لیا گیا، پولیس نے گھریلو ملازمہ اور اس کے منگیتر کو گرفتار کر کے مسروقہ زیورات برآمد کر لیے۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ راحیلہ اقبال کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ ڈیفنس بی مصباح حفیظ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں گھریلو ملازمہ اور اس کا منگیتر شامل ہیں جن کے قبضے سے 65 لاکھ روپے مالیت کے 14 تولے سونے کے زیورات برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ راحیلہ اقبال کے مطابق خاتون ملزمہ مدعی کے گھر میں ملازمت کرتی تھی اور اس نے اپنے منگیتر کے ساتھ مل کر چوری کی منصوبہ بندی کی۔ ملزمہ نے واردات سے قبل گھر میں نصب کیمرے بند کیے اور زیورات چوری کرنے کے بعد انہیں دیپال پور سے آئے اپنے ساتھی کے حوالے کر دیا۔ واردات کے بعد ملزمہ نے دوبارہ کیمرے آن کر دیے تاکہ شک نہ گزرے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل