Loading
امریکا کے وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے ایران-امریکا جنگ میں امن کے لیے کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مخلصانہ دوستی فروغ پا رہی ہے۔
سنگاپور میں تین روزہ سیکیورٹی کانفرنس شانگری-لا ڈائیلاگ میں سوال و جواب کے سیشن میں بات کرتے ہوئے امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
امریکا کے بھارت سمیت جنوبی ایشائی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تقریر میں بھارت کے حوالے سے بات کی تھی لیکن میں باآسانی پاکستان پر بات کرسکتا ہوں اور جو کردار وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امن مذاکرات کے لیے ادا کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان غیرمتوقع پیش رفت اور حقیقی دوستی فروغ پا رہی ہے جو میرے خیال میں اہمیت کی حامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری اس چیز سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی ختم کرکے امن قائم کرنے میں مدد فراہم کی تھی۔
پاکستان اور بھارت کی جوہری طاقت کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے قابل فہم خطرہ محسوس کر رہے ہیں، ہوسکتا ہے ان میں سے چند ایک کو ہم مختلف انداز میں دیکھتے ہوں اور دونوں ممالک جوہری طاقت بڑھانا چاہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت پر کسی بھی ملک پر انگلی نہیں اٹھا رہے ہیں اور نہ ہی ہمارے لیے خطرات قرار دے رہے ہیں، امریکا دونوں ممالک کا شکرگزار ہے کیونکہ انہوں نے امن کے ذریعے دنیا کو فائدہ پہنچایا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ کو رکوانے کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس کی تردید کی تھی تاہم پاکستانی حکام نے ٹرمپ کو سراہا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل