Friday, June 05, 2026
 

انڈر 18 ایشیا کپ: اعصاب شکن سیمی فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے ہرادیا

 



ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام انڈر 18 ایشیا کپ 2026 میں اعصاب شکن سیمی فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے شکست دے دی۔ جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں ہونے والے میچ میں کھیل کے آغاز میں بھارت کو پینلٹی اسٹروک کے نتیجے میں ایک گول کی برتری حاصل رہی۔ بھارت کا پہلا گول ٹانی اشیش نے کیا۔ جس کے بعد پاکستان کے عدیل نے گول کرکے حساب چکتا کردیا۔ اس کے بعد بھارت کے شاہ رخ نے 35 ویں منٹ میں گول سکور کرکے بھارت کو 1-2 سے برتری دلائی۔37ویں منٹ میں پاکستان کے محمد فرحان نے گول سکور کرکے 2-2 سے میچ برابر کردیا ۔42  ویں منٹ میں پاکستان کو عزیر احمد کی جانب سے گول کرکے پاکستان کو دو کے مقابلے تین گول سے برتری دلادی۔ جسکے بعد بھارت کے ٹانی اشیش نے یکے بعد دیگرے تین گول سکور کرکے بھارت کو  تین کے مقابلے میں پانچ گول سے برتری دلاکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرایا ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے جاپان میں کھیلے گئے انڈر 18 ایشیا کپ میں قومی انڈر 18 ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی اور لڑنے کے جذبے کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیمی فائنل میں شکست کے باوجود، نوجوان کھلاڑیوں نے غیر معمولی ٹیلنٹ، پختہ عزم اور لگن کا مظاہرہ کر کے ملک بھر کے ہاکی فینز کے دل جیت لیے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے کوارٹر فائنل میں بنگلا دیش کو 5-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ مختصر وقت  ٹیم کو ایونٹ سے محض چند ہفتے قبل ہی تشکیل دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں تربیت اور باہمی ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے انتہائی کم وقت ملا۔ مزید برآں، ٹیم میں شامل اکثر کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر یہ پہلا بڑا اور سخت مقابلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان نامساعد حالات کے باوجود، کھلاڑیوں کا میدان میں تال میل، شاندار مووز اور آخری سیکنڈ تک لڑنے کا انداز پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔کسی بھی ابھرتی ہوئی ٹیم کی طرح اس ایونٹ میں بھی کچھ غلطیاں دیکھنے کو ملیں، لیکن یہ تجربات سیکھنے کے عمل کا حصہ ہیں۔ ان کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے پاس ہاکی کا ایک بہترین نیا ٹیلنٹ موجود ہے۔ پی ایچ ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے’ہمیں اپنے ہیروز پر فخر ہے۔ انہوں نے سبز ہلالی پرچم کی لاج رکھنے کے لیے پورے جنون، ہمت اور وقار کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ ان کا سفر یہاں ختم نہیں ہوا، بلکہ یہ تو محض شروعات ہے۔ قوم آج بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے حصول کے لیے ان کی پشت پناہی جاری رکھے گی۔‘

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل