Loading
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ریڈ اور وائٹ بال کرکٹرز کے لیے لاہور میں طویل المدتی تربیتی کیمپس کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور آئندہ انٹرنیشنل مصروفیات کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری کے مقصد سے لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں طویل المدتی تربیتی کیمپس کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔
ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹرز کے لیے الگ الگ کیمپ لگائے جائیں گے جن میں مجموعی طور پر 49 کھلاڑی شرکت کریں گے۔
ریڈ بال کیمپ کا آغاز 8 جون سے ہوگا جبکہ وائٹ بال کھلاڑی 15 جون سے کیمپ جوائن کریں گے جس کے بعد دونوں کیمپس بیک وقت جاری رہیں گے۔
ریڈ بال کرکٹرز کا کیمپ 10 جولائی تک جاری رہے گا، اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ایک خصوصی پری ٹور کیمپ منعقد کیا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم کے 15 جولائی کے قریب ویسٹ انڈیز روانہ ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب وائٹ بال کیمپ 18 ستمبر تک جاری رہے گا تاکہ کھلاڑیوں کو ایشین گیمز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور سری لنکا و انگلینڈ کے ساتھ متوقع سہ ملکی ایک روزہ سیریز کے لیے بھرپور انداز میں تیار کیا جا سکے۔
ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اپنے اپنے کیمپس کی نگرانی کریں گے۔
ابتدائی طور پر ریڈ بال کیمپ کے لیے 22 جبکہ وائٹ بال کیمپ کے لیے 27 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ون ڈے کپتان شاہین آفریدی ابتدائی طور پر وائٹ بال اسکواڈ میں شامل ہیں تاہم امکان ہے کہ وہ اپنی بولنگ پر بھی کام کریں گے۔
ریڈ بال کیمپ میں عامر جمال، عبداللہ فضل، ابرار احمد، علی عثمان، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری، عبید شاہ، ساجد خان، سلمان علی آغا، ثاقب خان، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، شہزاد گل اور شان مسعود شامل ہیں۔
وائٹ بال کیمپ میں عبدالصمد، عبدالسبحان، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، فیصل اکرم، فخر زمان، فرحان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، خواجہ محمد نافع، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، رضا اللہ، روحیل نذیر، سعد بیگ، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سمیر منہاس، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شامل حسین، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل