Loading
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے این بی سی نیوز کے پروگرام ’میٹ دی پریس‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران میزبان کرسٹن ویلکر کے ساتھ تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد انٹرویو اچانک ختم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انٹرویو امریکی ریاست وسکونسن میں کسانوں کی ایک تقریب کے موقع پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ بارش اور تکنیکی مسائل کے باعث انٹرویو متعدد بار متاثر ہوا، تاہم گفتگو تقریباً 50 منٹ تک جاری رہی۔
انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات اور کیلیفورنیا میں جاری پرائمری انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔ جب میزبان کرسٹن ویلکر نے ان دعوؤں کے ثبوت طلب کیے تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’مجھے صرف دیکھنا اور سننا کافی ہے‘۔
میزبان نے جواب دیا کہ یہ ثبوت نہیں ہیں، جس پر صدر ٹرمپ نے میڈیا کو ’بدعنوان‘ قرار دیا اور اینکر پر تنقید شروع کر دی۔ گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ ’آپ یا تو بدعنوان ہیں یا بے وقوف‘۔
اس کے بعد صدر ٹرمپ نے انٹرویو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اب بہت ہو چکا، آئیے یہیں ختم کرتے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بارش میں کافی وقت دے چکے ہیں اور میڈیا کو اپنی روش درست کرنی چاہیے۔
انٹرویو کے دوران ایران کے ساتھ کشیدگی، امریکی خارجہ پالیسی، انتخابی نظام اور 6 جنوری 2021 کے کیپیٹل ہل فسادات سمیت مختلف موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے اور یہ کوئی طویل یا لامتناہی جنگ نہیں ہوگی۔
دوسری جانب این بی سی کی میزبان کرسٹن ویلکر نے بعد ازاں بتایا کہ ان کی صدر ٹرمپ سے دوبارہ بات ہوئی ہے اور دونوں نے انٹرویو کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا اعتراف کیا۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ مستقبل میں ’میٹ دی پریس‘ کو دوبارہ انٹرویو دینے پر بھی آمادہ ہو گئے ہیں۔
https://www.facebook.com/farhanmalikview1/videos/%D8%A7%D9%85%D8%B1%DB%8C%DA%A9%DB%8C-%D8%A7%D9%86%D8%AA%D8%AE%D8%A7%D8%A8%D8%A7%D8%AA-%D9%85%DB%8C%DA%BA-%D8%AF%DA%BE%D8%A7%D9%86%D8%AF%D9%84%DB%8C-%DA%A9%DB%92-%D8%B3%D9%88%D8%A7%D9%84-%D9%BE%D8%B1-%D8%A7%DB%8C%D9%86-%D8%A8%DB%8C-%D8%B3%DB%8C-%DA%A9%DB%8C-%D8%AE%D8%A7%D8%AA%D9%88%D9%86-%D8%B5%D8%AD%D8%A7%D9%81%DB%8C-%DA%A9%D8%B1%D8%B3%D9%B9%DB%8C%D9%86-%D9%88%D8%A7%DA%A9%D8%B1-%DA%A9%D9%88-%D8%B5/2055965171961977/
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی روایتی میڈیا اداروں کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے کشیدہ رہے ہیں اور ٹرمپ متعدد بار مختلف میڈیا اداروں پر جانبداری اور غیر منصفانہ رپورٹنگ کے الزامات عائد کر چکے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل