Loading
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عزاداری جلوسوں، مجالس کی سکیورٹی کیلئے پہلے سے بہتر اور جامع سٹریٹیجی مرتب کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس نے کہا عشرہ محرم الحرام کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس اور عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔
عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں 37 ہزار 868 مجالس منعقد، 09 ہزار 412 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے، عشرہ محرم الحرام کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔
مجالس سکیورٹی پر 41 ہزار 200 سے زائد، عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 73 ہزار 400 سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ صوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں کے روٹس، مجالس سمیت اہم و حساس مقامات کے اطراف 9 ہزار 500 سے زائد اہلکار موثر پٹرولنگ کریں گے۔
سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی انتظامات میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔ سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے جلوس اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔
تمام مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام،کمیونٹی لیڈرز محرم الحرام میں امن اور افہام و تفہیم یقینی بنائیں، ملک دشمن عناصر کی نفاق پھیلانے، امن متاثر کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کو بین المسالک ہم آہنگی سے ناکام بنائیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ امن کمیٹیوں، مجالس و عزاداری جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل کوارڈینیشن سے تمام مسائل قبل از وقت حل کریں، لاہور سمیت تمام اضلاع میں طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ عزاداری جلوس، مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔
دفعہ 144، لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، اشتعال انگیزی، مذہبی منافرت کے خطرے کے پیشِ نظر فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
علاوہ ازیں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا، بزرگ شہریوں،خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز محرم سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔
تمام اضلاع میں محرم کنٹرول رومز فعال، سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے 24 گھنٹے رابطہ میں ہونگے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل