Wednesday, June 17, 2026
 

امریکا ایران جنگ بندی پر پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا برطانوی پارلیمنٹ میں بڑا اعتراف

 



لندن: برطانوی پارلیمنٹ میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور سفارتی پیش رفت کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا، جہاں متعدد ارکان نے پاکستانی قیادت اور سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔ برطانوی ایوانِ بالا میں خطاب کرتے ہوئے لارڈ طارق احمد نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایوان میں موجود تمام اراکین اور حکومتی نمائندے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے قابلِ ذکر سفارتی کوششیں کی ہیں۔ اس موقع پر بیرونس چیپ مین نے بھی پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز تک لانے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو ممکن بنانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر اسے خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔ دریں اثنا لارڈ باربر نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو اس سفارتی کامیابی پر باضابطہ مبارکباد پیش کرے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہے۔ بیرونس چیپ مین آف ڈارلنگٹن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس معاملے میں انتہائی مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی قیادت کی سفارتی کاوشیں تعریف اور تحسین کی مستحق ہیں۔ برطانوی پارلیمنٹ میں امریکہ ـ ایران جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے کردار کی تعریف pic.twitter.com/pZ7zkx1yzG — Sabih Ul Hussnain (@SabihUlHussnain) June 16, 2026 سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کے کردار کا کھلے الفاظ میں اعتراف عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی اہمیت اور امن کے لیے اس کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اگر امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدہ کامیاب ہوتا ہے تو اس میں پاکستان کے کردار کو بین الاقوامی سطح پر مزید پذیرائی مل سکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل