Wednesday, June 17, 2026
 

ورلڈ کپ 2026: ایرانی فٹبال ٹیم کو میچ کے فوراً بعد امریکا چھوڑنے کی ہدایت

 



فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو امریکا چھوڑنے کی ہدایت کی گئی جس پر ٹیم انتظامیہ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ایران نے لاس اینجلس میں کھیلے گئے اپنے پہلے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2-2 سے ڈرا کھیلا، تاہم میچ کے فوراً بعد ٹیم کو امریکا میں قیام کے بجائے اپنے تربیتی کیمپ واپس جانے کی ہدایت دی گئی۔ ایرانی ٹیم کے ہیڈ کوچ امیر غلینوئی نے بتایا کہ ٹیم نے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق لاس اینجلس میں رات گزارنی تھی تاکہ کھلاڑی میچ کے بعد مناسب آرام اور بحالی کا عمل مکمل کر سکیں، لیکن مقابلے کے بعد انہیں فوری طور پر روانہ ہونے کا کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بحالی کے لیے وقت بھی نہیں دیا گیا۔ میچ ختم ہوتے ہی ہمیں بتایا گیا کہ فوراً روانہ ہونا ہے اور تیجوانا میں اپنے کیمپ واپس جانا ہے۔ یہ صورتحال ہمارے لیے پریشان کن ہے۔ ایرانی کپتان مہدی تاریمی نے بھی سفری مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو تیجوانا سے لاس اینجلس پہنچنے کے دوران تقریباً پانچ گھنٹے سفر اور سیکیورٹی چیکنگ میں گزارنے پڑے حالانکہ دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ نسبتاً کم ہے۔ ایرانی کپتان مہدی تاریمی نے فیفا سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹیم کو بہتر سہولیات اور تعاون فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ٹیم کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا ہے۔ ایران اپنے اگلے گروپ میچ میں بیلجیئم کا سامنا کرے گا جبکہ اس کے بعد مصر کے خلاف سیئٹل میں میدان میں اترے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل