Friday, June 19, 2026
 

کراچی، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 4 زخمیوں سمیت 5 ڈاکو گرفتار، ایک فرار

 



شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار زخمی ملزمان سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں سہراب گوٹھ پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت شعیب اختر کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے خمسہ گوٹھ سیکٹر 5 ایف میں مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت شہزاد اور شاہ رخ کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا ایک ساتھی حسنین موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔ ادھر گلبرگ پولیس نے کریم آباد میں اپوا کالج کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل