Friday, June 19, 2026
 

فیفا ورلڈ کپ، سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا کو 1-4 سے روند کر ورلڈ کپ میں اہم کامیابی حاصل کر لی

 



سوئٹزرلینڈ نے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ بی کے اہم میچ میں بوسنیا ہرزیگووینا کو 1-4 سے شکست دے کر اگلے مرحلے تک رسائی کی جانب مضبوط قدم بڑھا دیا۔ میچ کے آخری 20 منٹ میں سوئس ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چار گول داغے جن میں متبادل کھلاڑی جوہان منزامبی نے دو گول اسکور کر کے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 20 سالہ منزامبی میدان میں آنے کے صرف تین منٹ بعد ہی گول کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 74ویں منٹ میں پنالٹی ایریا کے اندر ملنے والی گیند کو پہلی ہی کوشش میں جال کی راہ دکھائی۔ بوسنیا کو اس سے قبل اس وقت بڑا دھچکا لگا جب طارق محرمووچ کو بریل ایمبولو کو فاؤل کرنے پر سیدھا ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔ ایک کھلاڑی کی کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روبن ورگاس نے خوبصورت شاٹ کے ذریعے سوئٹزرلینڈ کی برتری دوگنی کر دی۔ مقررہ وقت کے اختتام پر ورگاس ہی کے پاس پر منزامبی نے اپنا دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ اضافی وقت میں گرانیت ژاکا نے پنالٹی پر گول کر کے اسکور 0-4 کر دیا۔ بوسنیا کی جانب سے ارمین ماہمچ نے کارنر کک کے بعد شاندار والی پر واحد گول اسکور کر کے شکست کا مارجن کم کیا تاہم یہ محض تسلی بخش گول ثابت ہوا۔ اس کامیابی کے بعد سوئٹزرلینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں سرفہرست ہے جبکہ بوسنیا ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن پر موجود ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل