Loading
اگر آپ بھی بار بار موبائل چیک کرنے اور مسلسل نوٹیفکیشنز سے تنگ آچکے ہیں تو اب ایک چاکلیٹ بار آپ کو چند لمحوں کا حقیقی سکون دے سکتی ہے۔
مشہور چاکلیٹ برانڈ کِٹ کیٹ نے ایک منفرد اور حیران کن پیکجنگ متعارف کرائی ہے جو صرف چاکلیٹ لپیٹنے کے لیے نہیں بلکہ اسمارٹ فون کے سگنلز بند کرنے کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ محدود تعداد میں پیش کیے گئے اس خصوصی ’’بریک موڈ‘‘ پیک میں ایسا ریپر استعمال کیا گیا ہے جو موبائل فون کو اندر رکھتے ہی کالز، موبائل ڈیٹا، بلوٹوتھ اور جی پی ایس سگنلز کو روک دیتا ہے۔
یہ منفرد تصور کِٹ کیٹ کے مشہور نعرے ’Have a Break‘ کو حقیقت کا روپ دینے کی کوشش ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ لوگ چاکلیٹ کھانے کے بعد اپنے فون کو اس ریپر میں رکھ کر چند منٹ کے لیے ڈیجیٹل دنیا سے مکمل طور پر الگ ہوسکتے ہیں اور مسلسل اسکرولنگ، پیغامات اور نوٹیفکیشنز سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ خصوصی ریپر دراصل ’’فیراڈے کیج‘‘ ٹیکنالوجی پر کام کرتا ہے۔ فیراڈے کیج ایک ایسا حفاظتی ڈھانچہ ہوتا ہے جو برقی مقناطیسی سگنلز کو اندر یا باہر جانے سے روکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ریپر میں تانبے، نکل، پولیئسٹر اور پولی پروپلین سمیت کئی خاص تہیں شامل کی گئی ہیں تاکہ فون مکمل طور پر نیٹ ورک سے کٹ جائے۔
کمپنی کے مطابق اس پیکجنگ کو مختلف ٹیسٹوں سے گزارا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ واقعی سگنلز کو بلاک کرتی ہے، محض فون رکھنے کا کور نہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ریپر کو تقریباً ایک سال تک استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ اس کی تیاری میں استعمال ہونے والے مواد کو بعد میں ری سائیکل بھی کیا جا سکتا ہے۔
یہ منفرد پیکنگ اب تک پاناما میں ٹیکنالوجی نمائشوں، کنسرٹس اور جامعات کی تقریبات میں پیش کی جا چکی ہے، جہاں اسے ڈیجیٹل ویل بینگ مہم کا حصہ بنایا گیا۔ اگرچہ فی الحال یہ ایک مارکیٹنگ تجربہ ہے اور عام فروخت کے لیے دستیاب نہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیکجنگ کی دنیا کا ایک دلچسپ اور انوکھا آئیڈیا ہے۔
موبائل فون سے چند لمحوں کی دوری آج کے دور میں کسی نعمت سے کم نہیں، ایسے میں ایک چاکلیٹ بار جو صرف ذائقہ ہی نہیں بلکہ ذہنی سکون بھی فراہم کرے، یقیناً توجہ حاصل کرنے کے لیے کافی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل