Loading
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے ابتدائی دو راؤنڈز مکمل ہونے کے بعد پانچ ممالک کی ٹورنامنٹ سے رخصتی یقینی ہوگئی ہے۔
48 ٹیموں پر مشتمل اس عالمی مقابلے میں گروپ مرحلے کے اختتام تک مجموعی طور پر 16 ٹیمیں باہر ہو جائیں گی جبکہ باقی ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔
وہ پانچ ٹیمیں جو اپنے ابتدائی دونوں میچ ہار چکی ہیں، اب اگلے مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کر سکتیں ان کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
گروپ سی سے ہیٹی کی ٹیم کا سفر اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ 1974 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ہیٹی کو اسکاٹ لینڈ اور برازیل کے خلاف شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یورپ کی جانب سے ترکیہ پہلی ٹیم بن گئی ہے جس کی رخصتی یقینی ہو گئی۔ ترکیہ کو اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں آسٹریلیا اور پیراگوئے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
افریقی ٹیموں میں صرف تیونس کی ٹیم اب تک گروپ مرحلے سے باہر ہونے والی واحد ٹیم ہے۔ تیونس کو سویڈن اور جاپان کے خلاف چار، چار گول کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی۔
ایشیا کی نمائندگی کرنے والی ٹیم اردن بھی ابتدائی مرحلے سے آگے بڑھنے میں ناکام رہی اور ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔
گروپ ایل میں پاناما کی ٹیم کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ پاناما کو گھانا اور کروشیا کے خلاف ایک، صفر سے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اس ورلڈ کپ میں فارمیٹ میں اہم تبدیلی کی گئی ہے جس کے تحت برابر پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان گول فرق کے بجائے باہمی مقابلوں کا ریکارڈ فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے جس نے گروپ مرحلے کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔
گروپ مرحلے کے آخری میچوں کے بعد مزید 11 ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا اور اگلے مرحلے میں پہنچنے والی ٹیموں کی تصویر مکمل طور پر واضح ہو جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل