Thursday, June 25, 2026
 

وینزویلا میں قیامت خیز زلزلے کے جھٹکوں سے زمین لرز اٹھی، متعدد عمارتیں منہدم، ہلاکتوں کا خدشہ

 



وینزویلا کا دارالحکومت کراکس دو انتہائی طاقتور زلزلوں سے لرز اٹھا، جہاں چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ متعدد عمارتوں کے منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ خوفزدہ شہری جان بچانے کے لیے گھروں اور عمارتوں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔ زلزلے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر کراکس کے مغرب میں واقع علاقے میں آئے، تاہم ان کے جھٹکے پورے وینزویلا میں محسوس کیے گئے اور پڑوسی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا تک بھی لرزش محسوس کی گئی۔ وینزویلا کے وزیر داخلہ نے شہریوں کو احتیاطاً گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ہنگامی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ کئی مقامات پر ملبے تلے افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ ادارے نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات 44 فیصد ہیں جس کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔ زلزلے ایسے وقت میں آئے جب وینزویلا میں قومی تعطیل منائی جا رہی تھی اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں میں موجود تھے جس سے جانی نقصان بڑھنے کا اندیشہ مزید بڑھ گیا ہے۔ حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتالوں، ریسکیو اداروں اور سیکیورٹی فورسز کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جبکہ تباہی کی مکمل تصویر سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل