Loading
ملیرسٹی کے علاقے وریوجوکھیو گوٹھ ندی کنارے واقع کچی آبادی میں گھرسے ماں اوراس کی کمسن بیٹی کی لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون کی لاش رسی سے لٹکی ہوئی ملی جبکہ کمسن بیٹی کمرے سے مردہ حالت میں پائی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کرخود کشی کی ہے جبکہ اس کی کمسن بیٹی کوگھلا گھونٹ کرقتل کیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچ گئی اور فوری شواہد اکٹھا کرنے کے لیےکرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا، جہاں خاتون کی شناخت 30 سالہ صبا زوجہ محمد حنیف اوراس کی کمسن بیٹی کی شناخت 8 سالہ نبیہہ دخترمحمد حنیف کے نام سے کی گئی۔
ایس ڈی پی اوملیرسٹی عابد فضل مہر نے ایکسپریس کو بتایاکہ پولیس نے خاتون صبا کے شوہرحنیف کو حراست میں لے لیا ہے، جس کا کہنا ہے کہ وہ جمعرات کی شام سے گھرسے گیا ہوا تھا اورجمعے کی صبح ہی گھرلوٹا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس واقعےکی مختلف پہلوؤں پر تفتیش کررہی ہے۔
دریں اثنا خاتون کےزیرحراست شوہرنے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئےبتایاکہ میں جمعرات کی شام 4 بجے کرایے کا مکان لینے کے لیے بیٹے کے ساتھ اپنی بہن کے گھراسپتال چورنگی گیا ہوا تھا اوراپنا موبائل فون بھی گھرپرچھوڑ گیا تھا۔
جمعرات کی رات بیوی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن موبائل فون بند تھا۔ صبح ساڑھے 7 بجے بھی رابطے کی کوشش کی گئی لیکن موبائل فون بند تھا، جس کے بعد اپنے پڑوسی کوفون کرکے بتایا کہ گھرجاکر دیکھو کوئی فون نہیں اٹھا رہا۔
حنیف نے بتایا کہ پڑوسی گھر آیا تواس نے لاشیں دیکھ کر صورت حال سے آگاہ کیا، جس پر میں اپنے گھر پہنچا۔ شوہرنے بتایاکہ میں بطورڈرائیور ملازمت کرتا ہوں۔
خاتون کےوالد محمد وارث کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کی شادی کو کئی سال گزرچکے ہیں۔ بیٹی کے 2 بچے ہیں۔ گزشہ کچھ عرصے سے ان کی بیٹی ذہنی مسائل کا شکارتھی اوراس کا علاج بھی کروایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایاکہ ان کی بیٹی پرتعویزگنڈے کرائے گئے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کا جائے اور بیٹی و نواسی کے قاتلوں کوفل الفورگرفتارکرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل