Loading
امریکا کے مختلف مضافاتی علاقوں میں گلہریوں میں ایک غیر معمولی جلدی بیماری کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث ان کے جسم پر رسولیاں بن رہی ہیں۔ جنگلی حیات کے ماہرین نے متاثرہ گلہریوں کو غیر رسمی طور پر ’زومبی گلہریوں‘ کا نام دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کیفیت اسکوئرل فائبرومیٹوسس نامی وائرل بیماری کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے جو لیپوری پاکس وائرس سے ہوتی ہے۔
یہ وائرس متاثرہ گلہری کے زخموں یا لعاب کے براہِ راست رابطے سے دوسری گلہریوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔ اس بیماری کے نتیجے میں جسم پر مسوں جیسے ابھار بن جاتے ہیں، جن سے بعض اوقات رطوبت بھی خارج ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کئی متاثرہ گلہریاں بغیر علاج کے صحت یاب ہو جاتی ہیں۔ تاہم شدید صورتوں میں یہ رسولیاں جسم کے اندرونی اعضا تک پھیل سکتی ہیں، جو جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔
ماہرین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس بیماری کو اسکوئرل پاکس سے کنفیوژ نہیں کرنا چاہیے جو برطانیہ میں عام ہے اور خاص طور پر سرخ گلہریوں کے لیے خطرناک سمجھی جاتی ہے۔
یہ بیماری جنگلی حیات کی صحت پر نظر رکھنے والے اداروں کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ایسی گلہری نظر آئے تو اسے ہاتھ لگانے یا خوراک دینے سے گریز کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل