Sunday, June 28, 2026
 

امریکی جنگی طیاروں کا ایران کی دفاعی تنصیبات سمیت دیگر اہداف پر حملہ

 



امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی آئل ٹینکر پر مبینہ ایرانی حملے کے جواب میں ایران کے مختلف فوجی اور دفاعی اہداف کو فضائی کارروائی کا نشانہ بنایا جبکہ ایرانی میڈیا نے جنوبی علاقوں میں زور دار دھماکوں کی اطلاعات دی ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق ایران سے منسوب فورسز نے پاناما کے پرچم بردار ایک آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ کیا جو آبنائے ہرمز کے قریب تقریباً 20 لاکھ بیرل خام تیل لے کر گزر رہا تھا۔ https://t.co/9JgYDCZXuB — U.S. Central Command (@CENTCOM) June 27, 2026 سینٹکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے ردعمل میں امریکی جنگی طیاروں نے ایران کے اندر متعدد فوجی اہداف پر کارروائی کی جن میں فوجی نگرانی کا نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہیں اور بارودی سرنگیں بچھانے سے متعلق تنصیبات شامل ہیں۔ دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے جنوبی ایران کے ساحلی علاقوں سیرک اور قشم میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سیرک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم ایرانی حکام نے واقعے کی نوعیت اور نقصانات کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی فوج نے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد ایران کے خلاف کارروائی کی۔ https://truthsocial.com/@realDonaldTrump/116824603632739697 ان کے مطابق حملوں میں ایرانی میزائل اور ڈرون ذخیرہ گاہوں کے علاوہ ریڈار تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ امریکا نے اب تک تحمل کا مظاہرہ کیا ہے تاہم اگر حالات اسی طرح بگڑتے رہے تو واشنگٹن مزید سخت فوجی اقدامات کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ایران کو سخت نتائج سے بھی خبردار کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل