Tuesday, June 30, 2026
 

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبرپختونخوا نے جدید موبائل ایپ متعارف کرا دی

 



محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبرپختونخوا نے عوام کو بہتر، شفاف اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے جدید موبائل ایپ متعارف کرا دی۔ صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے منگل کے روز محکمہ کی نئی موبائل ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود یونس، ایڈیشنل سیکرٹری،چیف انجینئرز، ڈائریکٹر ٹیکنیکل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو موبائل ایپ کی تیاری، اس کے مختلف فیچرز، افادیت اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی موبائل ایپ کے ذریعے عوام اپنے پانی کا بل اور بقایاجات آن لائن دیکھ سکیں گے، لوگوں کی آسانی کیلیے ایپ اردو اور انگلش دونوں ذبانوں میں تیار کیا گیا ہے۔ ایپ کے ذریعے صارفین صاف پانی کی فراہمی، واٹر سپلائی اسکیموں، شکایات کے اندراج، شکایات کی آن لائن ٹریکنگ، ترقیاتی منصوبوں کی معلومات، متعلقہ دفاتر سے رابطے اور دیگر اہم عوامی خدمات تک باآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے۔ ایپ کے ذریعے شکایات کے بروقت ازالے کی نگرانی بھی ممکن ہوگی، جس سے محکمانہ کارکردگی، شفافیت اور جوابدہی میں مزید بہتری آئے گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل شکور خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی خدمت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی نئی موبائل ایپ ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے عوام اور محکمہ کے درمیان رابطہ مزید مؤثر، آسان اور شفاف ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا وژن عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے جب کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی بلکہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور وسائل کے شفاف استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ موبائل ایپ کو مسلسل اپ ڈیٹ رکھا جائے، اس میں مزید جدید سہولیات شامل کی جائیں اور عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔ صوبائی وزیر نے موبائل ایپ کی تیاری میں کردار ادا کرنے والی محکمانہ ٹیم، آئی ٹی ماہرین اور افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل